اسلام آباد : (جیو ڈیسک) بیرونی قرض ملنے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافے کے باعث پاکستان کے ڈالر ریزرو میں ڈھائی ماہ سے جاری کمی کا سلسلہ رک گیا ہے۔ قرضوں کی واپسی اور برھتے ہوئے درآمدی بل کی ادائیگیوں کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل ڈھائی ماہ سے کمی کا شکار تھے ۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 27 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اٹھائیس جون کو ختم ہونے والے ہفتے تک زرمبادلہ کے ذخائر کا مالی حجم 15 ارب 23 کروڑ 61 لاکھ ڈالر ہوگیا ہے جو اس سے قبل پندرہ ارب ڈالر کی سطح سے بھی نیچے آگیا تھا۔
مرکزی بینک کے ذرائع کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ نمایاں اضافہ بیرونی قرض ملنے اور ترسیلات زر میں اضافے کیباعث ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو تیسری قسط کی ادائیگی کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں۔