امن مارچ اور لانگ مارچ کرنے والے تحفظ ناموس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے آواز بلند کریں۔ ریاض حسین شاہ
Posted on October 9, 2012 By Geo Urdu اسلام آباد
راولپنڈی (منظور حسین) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکمران اقتدار بچانے اور اپوزیشن حصول اقتدار کے چکروں سے نکل کر عالمی سطح پر انبیاء کرام کی توہین کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں امن مارچ اور لانگ مارچ کرنے والے تحفظ ناموس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے آواز بلند کریں اور حکمران امریکی سفیر کو طلب کرکے توہین آمیز فلم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
اس ضمن میں مصلحتوں سے بالا تر ہوکر عملی اقدامات کئے جائیں او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلا کر متفقہ طورہر لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے او آئی سی کی خاموشی مجرمانہ ہے توہین آمیز فلم کے خلاف13 اکتوبرکو انٹرنیشنل ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں جماعت اہل سنت پاکستان ملک کی تمام اہل سنت کی مذہبی وسیاسی جماعتوں کی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ شب درس حدیث دیتے ہوئے اور علماء کرام کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہ کوئی بھی مسلمان رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں ذرا بھر گستاخی برداشت نہیں کرسکتا اور ناموس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنی جان تک قربان کردینا سعادت سمجھتا ہے مغرب عالمی سطح پر اسلام کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہوکر اسلام کے خلاف سازشوں کا جال بچھا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مغرب جو مادر پدر آزاد معاشرہ ہے وہاں اخلاقی اقدار تباہ ہوچکی ہے ان سے کوئی خیر کی توقع نہیں آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران اور پوری امت مسلمہ رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رشتہ مضبوط کرے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران امریکہ کے سامنے جھکنے کے بجائے دہلیز مصطفیۖ پر سر جھکائیں تو کامیابی ان کے قدم چومے گی توہین آمیز فلم بنانے اور اس کی نمائش کرنے والوں نے عالمی سطح پر گھنائونی دہشت گردی کرتے ہوئے دنیا کو اپنامکروہ چہرہ دکھایا ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس خود اللہ تعالی نے بلند کی ہے اور اللہ اپنے پاک نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دشمنوں کو کبھی معاف نہیں کرتا۔
علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران اپنے اپنے ممالک میں امریکی سفیروں کو طلب کر کے جرات مندانہ ا نداز میں احتجاج ریکارڈ کرائیں اور اس مسئلہ کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے انھوں نے کہا کہ جماعت اہلسنت 13اکتوبر کو ناموس رسالت ۖکانفرنس میں ناموس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحفظ کے لئے اپنا موقف پیش کرنے سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔