موٹروے پولیس، گاڑیوں سے سامان چوری کرنے والے گروہ کے دو ملزمان کو پکڑ لیا

لالہ موسیٰ : ویلڈن موٹروے پولیس ، جی ٹی روڈ پر چلتی گاڑیوں سے سامان چوری کرنے والے گروہ کے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ مال مسروکہ بر آمد ، ملزمان تھانہ رحمانیہ پولیس کے حوالے ۔ تفصیل کے مطابق سینئر پٹرولنگ آفیسر جواد حیدر گھمن اور پٹرولنگ آفیسر رانا طاہر معمول کی گشت پر تھے کہ عادووال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک کار سفید رنگ ٹیوٹا بغیر نمبر پلیٹ کو مشکوک جان کر روک کر تلاشی لی تو گاڑی سے قیمتی کپڑا اور دیگر اشیاء بر آمد ہوئیں جن کے متعلق ملزمان نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اپنے گروہ کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر چلتی گاڑیوں سے قیمتی سامان چوری کرتے ہیں ملزمان محمد ندیم ولد شوکت علی سکنہ شیخوپورہ ، بشارت علی ولد محمد لطیف سکنہ شیخوپورہ کو تھانہ رحمانیہ پولیس کے حوالہ کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھی ایم این اے کی نمبر پلیٹ لگی گاڑی نمبر ایل ای ایف 2463 میں فرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوشش شروع کر دی ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل موٹرو ے پولیس نے مویشی چوری گروہ کو پکڑکر تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے حوالہ کر چکی ہے عوامی حلقوں نے جواد حیدر گھمن اور رانا طاہر کو اعیٰ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔