ممبئی(جیوڈیسک)بالی وڈ کے میگا خاندان کی بہو اور سابق حسینہ عالم ایشوریہ رائے جو گزشتہ دو سال سے سلور اسکرین پر نمودار نہیں ہوئی ہیں، اپنی واپسی کے سوال پر خاموش ہو جاتی ہیں۔
بالی وڈ کے صف اول کے فلمسازوں منی رتنم اور کرن جوہر نے بھی ان سے رابطہ کئے مگر انہوں نے ان کی آفرز کا کوئی جواب نہیں دیا۔ حال ہی میں ایک میگزین کی ایوارڈ کی تقریب میں جب صحافیوں نے ان سے اس بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ ابھی کسی کو حتمی تاریخ نہیں بتا سکتیں کہ دوبارہ کب کام شروع کریں گی اور جب بھی وہ کسی فلم کے لئے کام کرنا شروع کریں گی اس کی اطلاع دے دوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کام ایک تخلیقی عمل ہوتا ہے جس میں کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی جاتی تاہم جن فلمسازوں نے انہیں آفرز کی ہیں ان کے جذبات کو اگر ٹھیس پہنچی ہے تو انہیں افسوس ہے۔
ایشوریہ نے کہا کہ انڈین سنیما کے سو سال پورے ہونے پر ایوارڈز کی ٹرافی کی نقاب کشائی کا شرف انہیں حاصل ہوا ہے اور یہ مدت کے بعد پہلی مرتبہ ہے کہ وہ کسی ایوارڈ کیلئے نامزد نہیں ہوئی ہیں جس کی وجہ ان کی بیٹی ارادھیا ہے مگر میرے لئے وہی قیمتی ترین ٹرافی ہے۔