سپریم کورٹ کی جانب سے میمو اسکینڈل کی تحقیقات کے لئے قائم کئے جانے والے کمیشن کی سربراہی سے سابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے طارق کھوسہ نے انکار کردیا ہے۔ سپریم کورٹ سے وابستہ ذرائع کے مطابق طارق کھوسہ نے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرتے ہوئے رجسٹرار سپریم کورٹ کو بذریعہ ای میل آگاہ کردیا ہے۔ تاہم ابھی تک طارق کھوسہ کی جانب سے اس کی تصیدیق نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق طارق کھوسہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ان کے نام پر اعتراض کیا جاچکا ہے، جس کی وجہ سے انہیں سربراہی سے معذرت کرنا پڑی۔ طارق کھو سہ سے جب رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے بھی انکار کردیا۔ دوسری جانب رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ طارق کھوسہ کے انکار کی ان کے پاس کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ یاد رہے طارق کھوسہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کیلئے کافی سرگرم رہے لیکن حکومت پاکستان نے ترقی دینے کے بہانے سپریم کورٹ کی مرضی کے خلاف ان کا ٹرانسفر کر دیا تھا۔