میمو کا راز جاننے کیلئے عدالتی کمیشن کی کارروائی آج بھی جاری رہے گی۔ کل کی کارروائی کے بعد آج کیس میں نئی پیش رفت ہونے کا امکان ہے۔
میمو اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز نے کل لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ انہوں نے بیان حلفی، بلیک بیری کے پن کوڈ اور دیگر شواہد سیکرٹری کمیشن کے حوالے کردیئے تھے۔
میمو کمیشن کی کارروائی کے دوران منصور اعجاز کا بیان آج دوبارہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ حسین حقانی کے وکیل زاہد حسین بخاری کی تین درخواستوں پر بحث آج ہو گی۔ انہوں نے کمیشن سے درخواست کی ہے کہ منصور اعجاز کے شواہد کا فارنزک معائنہ کرایا جائے اور پھر کمیشن کی کارروائی آگے بڑھائی جائے۔
زاہد بخاری کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ میمو کمیشن کی کارروائی اڑتالیس سے بہتر گھنٹے ملتوی کی جائے تاکہ وہ لندن جاکر منصور اعجاز سے جرح کرسکیں۔ حسین حقانی کے وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں وہ سہولتیں دی جائیں جو سیکرٹری میمو کمیشن کو حاصل ہیں۔
ادھر لندن میں منصور اعجاز دو بجے ہائی کمیشن پہنچیں گے جہاں ان کا بیان ریکارڈ ہوگا اور جرح کی جائے گی۔