اسلام آباد : (جیو ڈیسک) مسلم لیگ ن نے 21 مئی کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکا اجلاس سے ترک وزیراعظم کے خطاب کے موقع پر مکمل احترام کے ساتھ شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس دن، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اپوزیشن کیلئے حیثیت بے معنی ہو گی۔
مسلم لیگ نون کے سینیٹر پرویز رشید نے ذرائع سے گفتگو میں کہا کہ ترک وزیراعظم، پاکستان کے لئے بہت محترم ہیں، پارلیمنٹ اجلاس میں ترک وزیراعظم کی آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن، اس اجلاس میں شریک ہو گی اور ترک مہمان کو مکمل عزت اور احترام دے گی، اس روز وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھی پارلیمنٹ میں موجودگی اور اس پر اپوزیشن کے ردعمل سے متعلق سوال پر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اس روز یوسف رضا گیلانی کی ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں ہو گی، گیلانی اس روز ایوان میں آئیں یا باہر ہوں، یہ بے معنی ہوگا، وہ دن تو صرف ترک وزیراعظم کے خطاب کا دن ہو گا۔