وزیراعلی پنجاب کے سینئرمشیر سردار ذوالفقار کھوسہ کے صاحبزادے مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے سردار سیف کھوسہ اور سابق ایم این اے راؤ قیصر علی خان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔
عام انتخابات سے قبل سیاسی جوڑتوڑ کا عمل جاری ہے اورمختلف رہنما اپنے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کر رہے ہیں اوراب سردارسیف کھوسہ نے اپنی نئی سیاسی وابستگی کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلی پنجاب کے سینئر مشیر سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے بیٹے اور سابق ایم این اے سردار سیف کھوسہ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ جنوبی پنجاب میں نیا صوبہ بنانے کیلئے مخلص نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ان کے مطالبے کے لئے لڑ رہی ہے۔ اس موقع پر موجود پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے سیف کھوسہ کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سیف کھوسہ کی شمولیت سے پارٹی مضبوط ہو گی۔
دوسری طرف اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے راؤ قیصر علی خان نے اسلام آباد میں فریال تالپور کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنے ساتھیوں راؤ صفدر علی خان اور راؤ جلال خان کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔