انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقی کھلاڑی چھائے ہوئے ہیں۔ بیٹسمین میں ہاشم آملہ بولرز میں ڈیل اسٹین اور آل راونڈر میں جیک کیلس نمبر ون پوزیشن پر براجمان ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ اسپنر سعید اجمل دو درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر ہر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ پاکستان کے خلاف عمدہ بیٹنگ کی بدولت ایک بار پھر نمبر ون پوزیشن پر آگئے ہیں۔ آملہ پونٹنگ کے بعد بیق وقت ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن رکھنے والے دوسرے بیٹمسین بن گئے ہیں۔ مائیکل کلارک ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیر کو پاکستان کے خلاف ناقابل شکست سینچری نے چھٹے سے چوتھے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی کیرئیر میں پہلی بار ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں جگہ بنائی ہے۔ تنزلی کے بعد یونس خان گیارویں اور اظہر علی بارہویں نمبر پر چلے گئے۔اسد شفیق چار درجے ترقی کر کے اٹھائیسویں نمبر پر ہیں۔ بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین بدستور سرفہرست ہیں۔ ویرون فیلنڈر کا نمبر دوسرا ہے۔
پاکستان کے سعید اجمل تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ آل راونڈر رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے جیک کیلس پہلے اور بنگلہ دیش کے شاکب الحسن دوسرے نمبر پر ہیں۔ محمد حفیظ تین درجے ترقی کرکے ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے ہیں۔