ایم کیو ایم کے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ایم کیو ایم کی کوئی شرط نہیں ہے اور نہ ہی اس کو انا کا مسئلہ بنایا ہے جبکہ پی پی پی کے وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے کہا کہ پی پی اور ایم کیو ایم سندھ کے مفاد میں فیصلہ کریں گی۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صغیر کا کہنا تھا کہ عید کے بعد قانونی ماہرین سے مشاورت کریں گے اور غیر جمہوری عناصر کر فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے۔ پیر مظہر الحق کا کہنا تھاکہ الطاف حسین نے ہر مشکل وقت میں پی پی پی کا ساتھ دیا اور مفاہمتی پالیسی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے پریس کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوے کہا کہ کمشنری نظام کو بڑا مسئلہ بنا کر پیش کیا گیا ہے۔