مشہور فلم مولاجٹ کے ہدایتکار یونس ملک نے انیس سو چھیاسی میں اپنی فلم آخری جنگ میں لالی وڈ کو نیلی اور نادرہ کے روپ میں دو اداکاراوں کا تحفہ دیا۔
لالی وڈ کی خوبرو اداکارہ نادرہ کی چودہویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ قدرت نے نادرہ کو ہوشربا حسن سے نوازا لیکن اسے جینے کے لئے بڑی مختصر عمر عطا کی۔ وہ اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ پردہ ا سکرین پر کچھ یوں نمودار ہوئیں کہ دیکھنے والے دیکھتے ہی رہ گئے۔ اس کے چہرے کا ہر نقش پرکشش اور سراپا دلکش تھا۔
مشہور فلم مولاجٹ کے ہدایتکار یونس ملک نے انیس سو چھیاسی میں اپنی فلم آخری جنگ میں لالی وڈ کو نیلی اور نادرہ کے روپ میں دو اداکاراوں کا تحفہ دیا۔ لیکن ہدایتکار الطاف حسین کی فلم نشان پہلے ریلیز ہونے کی وجہ سے نادرہ کی ڈیبیو فلم کہلائی۔ فلم میکرز نے رقص میں مہارت ، لب و لہجے اورخدوخال کی مناسبت سے اسے پنجابی فلموں کی مٹیار بنا دیا۔
نادرہ نے اپنے وقت کے مقبول ہیروز کے مقابل 60 کے قریب فلموں میں کام کیا۔ اس کو جاننے والے آج بھی اسے ایک بااخلاق اور ہنس مکھ اداکارہ کے طور پر یاد کرتے ہیں۔
چھ اگست 1995 کو ایک پراسرار گولی نے اس وقت اس کی زندگی کا چراغ گل کر دیا جب وہ اپنے شوہر اور اہل خانہ کے ساتھ گاڑی پر لبرٹی مارکیٹ سے واپس گھر جا رہی تھی۔ چودہ سال گزر جانے کے باوجود خوبرو نادرہ کے قتل کا معمہ حل نہیں ہو سکا، اس کے چاہنے والے اس کے اندھے قتل کا سراغ چاہتے ہیں۔