ناروے نے ایرانی دارالحکومت تہران میں مشتعل افراد کے برطانوی سفارتخانے پر حملے کے بعد اپنا سفارتخانہ بند کردیا ہے جبکہ برطانیہ نے حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا ہے۔ گزشتہ روز ایرانی دارالحکومت تہران میں سینکڑوں مظاہرین نے برطانیہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور بعض مشتعل مظاہرین نے برطانوی سفارتخانے میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔ اور برطانوی جھنڈے کو نذر آتش کیا۔ اس واقعہ پر برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کردیا ہے اور اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے جبکہ نارو نے بھی واقعہ کے بعد ایران سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے۔ امریکہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ایران سے ذمہ داروں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔