اسرائیل کے تحفظ کے لئے نیتن یاھو نے مصری سرحد پر حفاظتی باڑ جلد مکمل کرنے کا اعلان کر دیا، مصر کے جزیرہ نما سینا کے بالمقابل ایلات شہر میں ایک بٹالین فوج تعینات۔
مقبوضہ بیت المقدس اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کا کہنا ہے مصری سرحد سے ملحقہ اسرائیلی شہر ایلات میں حفاظتی باڑ لگانے کا کام چند ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حفاظتی باڑ لگانے سے سرحد پار سے در اندازی کافی حد تک کنٹرول ہو جائے گی۔ دوسری طرف تل ابیب حکومت نے مصر کے جزیرہ نما سینا کے بالمقابل ایلات شہر میں ایک بٹالین فوج تعینات کر دی ہے۔ مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے وائس آف اسرائیل ریڈیو کے حوالے سے بتایا کہ دراندازی کی کارروائیاں روکنے کے لئے اسرائیلی فوج کو باڑ کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریڈیو رپورٹ میں فوجی بیان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایلات میں بحیرہ احمر کے ساحل کے ساتھ ایک بٹالین فوج بھی لگا دی گئی ہے۔ سرحد پر نئی بٹالین کا مقصد سیکورٹی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانا ہے۔ نئی بٹالین سرحد پر پہلے سے موجود عربہ اور ساگوی بٹالینز کی معاونت کرے گی۔ جنوبی ریجن کے فوجی کمانڈر جنرل طال روسو نے کہا کہ ہم تبدیلی اور اضطرابات کے دور سے گزر رہے ہیں۔ مستقبل میں ہماری فوج کو وادی سینا کی طرف سے کسی بڑے چیلنج کا سامنا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصری سرحد کے ساتھ 250 کلو میٹر کے علاقے پر حفاظتی باڑ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور باقی چند دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ ادھر وزیر اعظم نیتن یاھو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگلے انتخابات کے بعد اگر مخلوط قومی حکومت بنی تو اس میں وزارت ہائوسنگ و آباد کاری کا قلمدان وہ اپنے پاس رکھیں گے۔ نیتن یاھو نے کہا کہ ان کی جماعت لیکوڈ رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں تبدیلیاں لانے کی خواہاں ہے۔ وہ اسی وقت ممکن ہے جب ہاؤسنگ کی وزارت ہمارے پاس ہو۔