جنوبی افریقہ اپنے ملک کے کرنسی نوٹ تبدیل کررہا ہے اور اب نئے نوٹوں پر ملک کے پہلے صدر نیلسن منڈیلا کی تصویر ہوگی۔ ترانوے سالہ نیلسن منڈیلا نے ستائیس سال قید میں گزارے اور انہیں گیارہ فروری سنہ انیس سو نوے میں رہائی ملی۔
جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کہا بینک نوٹوں پر نیلسن منڈیلا کی تصویر جنوبی افریقہ کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کرنے کی منکسرانہ کوشش ہوگی۔ نیلسن منڈیلا کو اپنے ملک پر نسلی عصبیت کی بنیاد پر قابض سفید فام حکمرانوں کے خلاف پرامن مہم چلانے پر سنہ انیس سو ترانوے میں امن کا نوبل انعام دیا گیا۔ وہ بعد میں اپنے ملک کے صدر منتخب ہوئے۔ اپنے قبیلے میں انتہائی محبت سے انہیں مادیبا کے نام سے پکارا جاتا ہے اور وہ اب عوامی زندگی سے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں۔