نیو یارک(جیوڈیسک) امریکی ایجنسی ایف بی آئی نے نیو یارک میں فیڈرل ریزرو بینک کی عمارت کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے۔ منصوبہ بندی کرنے والے بنگلہ دیشی باشندے کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور کا نام قاضی محمد رضوان الا حسان نفیس ہے اور اس کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ ایف بی آئی کے مطابق ملزم نیو یارک میں موجود فیڈرل ریزرو بینک کی عمارت کو ایک ہزار پاؤنڈ دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنا چاہتا تھا۔ 21 سالہ قاضی نفیس کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ عمارت کو موبائل فون کے ذریعے دھماکے سے تباہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم پر وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار استعمال کرنے اور القاعدہ کو سپورٹ فراہم کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔