نیٹو حملوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

pakistan protest

pakistan protest

مہمند میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر نیٹو فورسز کے حملوں کے خلاف لاہور، فیصل آباد، پشاور اور ملتان سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں نیٹو حملے کے خلاف پنجاب یونیورسٹی کیمپس میں اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ جس میں پاکستان فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ ملتان کے شیر شاہ ٹاون میں امریکہ کے خلاف اور پاک آرمی کے حق میں سیکڑوں افراد نے ریلی نکالی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے رکھے تھے۔ امریکہ اور نیٹو کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کہا کے پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی خطرے میں ہے۔ شرکا نے پوری قوم پاک آرمی کے ساتھ ہے کی آواز بلند کی۔
فیصل آباد میں نیٹو حملے کے خلاف مسلم لیگ ن اور تاجروںکی جانب سے مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر پاک فوج کے شہیدوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
پشاور، راجن پور، گوجرانوالہ، اور لاڑکانہ میں بھی سیکڑوں افراد نے سڑکوں پر نکل کر پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے نیٹو فورسز کے حملے کی مذمت کی اور پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔