اسلام آباد : نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کیخلاف دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام بیس فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے مقامی قائدین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے پاکستان کے ہزاروں عوام لقمہ اجل بنے جبکہ معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد عوامی دبا پر نیٹو سپلائی بند کی گئی لیکن اب حکومت پارلیمنٹ کا کندھا استعمال کرکے نیٹو سپلائی بحال کرنا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہ کروڑ عوام نیٹو سپلائی بحال کرنے نہیں دیں گے، بیس فروری کو پارلیمنٹ کے سامنے پریڈ ایونیو میں صبح گیارہ بجے سے شام چھ بجے تک دھرنا دیا جائے گا جس میں لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ دھرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔