امریکا میں بھارت کی سفیر نروپما راو کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تعلقات کی بحالی آسان نہیں، تاہم اعتماد کا فقدان کم کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ واشنگٹن میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے نروپما راو کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت کے مشکل تعلقات کی طویل تاریخ ہے۔ بھارت کی ہرممکن کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے اعتماد کے فقدان کو ختم کرکے تعلقات کی بحالی کے عمل کو شروع کیا جا سکے تاہم یہ معاملہ مشکل ہوگا۔ نرومپا راو نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان اور بھارت کو تجارت بڑھانے اور دونوں ملکوں کے شہریوں کو سفر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں کافی کوششیں بھی کی گئی ہیں۔ بھارتی سفیرکا کہنا تھا پاکستان کو بارآور کرا دیا ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرے، اس سے خود پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے۔