ورلڈ ٹی 20 ، ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں ہرادیا

West Indies Vs Newzealand

West Indies Vs Newzealand

ورلڈ ٹی 20 (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں ہرادیا۔ اس شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔کہتے ہیں قسمت سے نہیں لڑا جا سکتا۔ جی ہاں۔ یہ بات نیوزی لینڈ کی ٹیم پر صادق آتی ہے۔ جو ایک ہی ٹورنامنٹ میں دو بار سپر اوور میں میچ ہار گئی۔ پہلے گروپ میچ میں سری لنکا نے سپر اوور میں مات دی تو پھر ڈو اور ڈائی میچ میں ویسٹ انڈیز نے شکست دے ڈالی۔

سپر ایٹ گروپ ون کے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ تو بولرز نے کپتان راس ٹیلر کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو انیس اعشاریہ تین اوورز میں صرف ایک سو انتالیس رنز پر آؤٹ کردیا۔ کرس گیل تیس، کیون پولارڈ اٹھائیس اور مارلون سیموئیل چوبیس رنز بناکر نمایاں رہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈگ بریسویل اور ٹیم ساؤتھی نے تین تین جبکہ نیتھن مکولم نے دو وکٹیں لیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے راس ٹیلر کے باسٹھ رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر ایک سو انتالیس رنز بنائے۔ یوں یہ میچ بھی ٹائی ہوگیا۔ جس کے سپر اوور میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے اٹھارہ رنز کا ہدف دیا اور ویسٹ انڈیز نے یہ ہدف ایک گیند پہلے ہی حاصل کرکے میچ میں فتح حاصل کرلی۔ اس شکست کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوینٹی سے باہر ہوگئی ہے۔ سپر ایٹ مرحلے میں کیوی ٹیم ایک میچ بھی نہ جیت سکی۔