ورلڈ ٹی 20سپر ایٹ: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے ہرادیا

t20 england win

t20 england win

پالی کیلے ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دیدی، لیوک رائٹ نے 76رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ گراونڈ پر کھیلے گئے ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں انگلنڈ نے نیوزی لینڈ کے 149 رنز کا ہدف 4 وکٹ پر 7 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 38 رنز پر گرگئیں جب کیسویٹر 4 ویٹوری کے ہاتھوں اور الیکس ہالز 22 رنز بنا کر ناتھن مک کولم کی گیند پر بولڈ ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد لیوک رائٹ اور اوئن مورکن نے 89 رنز کی شراکت قائم کرکے انگلینڈ کی جیت کی بنیاد رکھی۔ لیوک رائٹ 43 گیندوں پر 5 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر بریس ویل کی گیند پر روز ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے، مورگن 30رنز بنا ئے ، کیل ملز کی گیند پر بریس ویل نے ان کا کیچ پکڑا۔ بٹلر اور بیئر اسٹو5 ، 5 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ کیل ملز، ڈینیئل ویٹوری، ناتھن میک کولم اور بریسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ انگلش آل راونڈر لیوک رائٹ کو بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل کیوی کپتان روز ٹیلر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 148 رنز بنائے تھے، جیمز فرینکلن 50 اور روز ٹیلر 22 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹیفن فن نے 3 کھلاڑیوں کو پولین بھیجا توسوان اور برگس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔