اسلام آباد : (جیو ڈیسک) توہین عدالت کیس میں وزیر اعظم کو سزا کے بعد پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء نے رد عمل میں کہا ہے وزیر اعظم نے صبر و تحمل سے سیاسی نظام کو آگے بڑھایا اور پارلیمان کے وقار میں اضافہ کیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا وزیر اعظم کو سزا کسی اخلاقی جرم پر نہیں قانونی تشریح کے معاملے پر ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو نااہل قرار نہیں دیا ۔
وفاقی وزیرنیشنل ریگولیشن اینڈسروسزڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم کی سزا کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔ وفاقی وزیرکیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈولپمنٹ نذر محمد گوندل کہتے ہیں توہین عدالت کیس کافیصلہ غلط ہے یہ ججز کی انا کا فیصلہ ہے آئین کے مطابق نہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے بتایا پارٹی کی اعلیٰ قیادت جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔