پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرکے انہیں کرکٹ سیریز کے دوران دورہ بھارت کی غیر رسمی دعوت دی ہے، وزیر اعظم نے پاک بھارت سیریز اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششوں پرچیئرمین پی سی بی کی تعریف کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے اسلام آباد میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں کرکٹ کے فروغ، بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور پاک بھارت کرکٹ سیریز سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے میچ فکسنگ اور سیکیورٹی کے حوالے سے کرکٹ بورڈ کے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے آئی سی سی سے تعلقات اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے دیگر کرکٹ بورڈز سے بات چیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ باالخصوص پاک بھارت کرکٹ کی بحالی میں پی سی بی کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران کرکٹ ٹیم میں بہتری کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے پاک بھارت سیریز کے دوران وزیر اعظم کو دورہ بھارت کی غیر رسمی دعوت دی، انہیں باقاعدہ دعوت بھارتی کرکٹ بورڈ سے بات کرکے دی جائے گی۔