سپریم کورٹ کے حکم پر وزیراعظم سمیت انیس افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کر دئیے گئے ہیں۔ ملک کے تمام ائیر پورٹس پر بھی وی آئی پی گیٹس بند کر دئیے گئے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے رینٹل پاور کیس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی گرفتاری کے احکامات کے بعد کیس میں ملوث تمام افراد کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ وزیراعظم سمیت 19 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دئیے گئے ہیں جبکہ ملک بھر کے ائیرپورٹس پر وی آئی پی گیٹ بھی بند کر دئیے گئے ہیں۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے ساتھ سابق وزیر پانی و بجلی لیاقت جتوئی اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کئے گئے ہیں جن افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کئے گئے ہیں ان میں پانی و بجلی کے سابق سیکرٹریز شاہد رفیع، محمد اسماعیل قریشی اور اشفاق محمود، سابق سیکرٹری خزانہ سلمان صدیق، نپیرا کے سابق چیئرمین خالد سعید اور پیپکو کے سابق مینیجنگ ڈائریکٹرز طاہر بشارت چیمہ اور منور بصیر احمد اور اسی ادارے کے سابق سی ای او محمد عارف سلیم، فضل احمد خان اور چوہدری محمد انور بھی شامل ہیں۔