پاکستان(جیوڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے چیئرمین نادرا طارق ملک نے ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی اور انہیں جدید ترین سمارٹ این آئی سی کارڈ پیش کیا۔ سمارٹ این آئی سی کارڈ 36 سیکورٹی خصوصیات کا حامل ہے اور تکنیکی لحاظ سے جدید ترین کارڈ ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین نادرا کواس حوالہ سے کابینہ کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی تاکہ ملک میں اس کے باقاعدہ اجرا سے قبل کسی خدشے کے بغیر فنانسنگ اور بینکنگ سہولیات سے استفادہ کیلئے لوگوں کے استعمال کیلئے یہ کس قدر آسان ہو گا۔ چیئرمین نے وزیراعظم کو بتایا کہ سمارٹ این آئی سی کارڈ حکومت کو فلاحی ریاست کے مقاصد کے حصول میں معاون ہو گا کیونکہ یہ کارڈ رکھنے والے افراد نقد رقوم کی تقسیم کے پروگراموں، مالیاتی لین دین، برانچ لیس بینکنگ، ہیلتھ انشورنس، لائف انشورنس اور الیکٹرانک ووٹنگ جیسی سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ ملک کی 96 فیصد بالغ آبادی نادرا کے پاس رجسٹرڈ ہے اور تقریبا 9 کروڑ 20 لاکھ شناختی کارڈ ان اہل ووٹروں کو جاری کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کو اس ٹیکنالوجی کو کامیابی سے استعمال کرنے والے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے نادرا کی کوششوں کو سراہا۔