ملتان (جیو ڈیسک)سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کیس میں وزیراعظم کو سزا سنانے کیخلاف ملتان ، سکھر ، ٹنڈو محمد خان ، نوشہرو سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ملتان میں ہائیکورٹ چوک پر ہونے والے مظاہرے میں پیپلز پارٹی کے سیکڑوں ورکرز نے شرکت کی۔ کارکنوں نے وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا وزیراعظم کو سرائیکی صوبہ بنانے کے اعلان پر سزا دی گئی ہے ۔ وزیر اعظم اور ان کے بیٹے کو سازش کے تحت پھنسایا جارہا ہے۔
ٹنڈو محمد خان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ذیلی تنظیموں کے کارکنان نے موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر شہر کی مختلف بازاروں کا گشت کیا، اور زبردستی دکانوں کو بند کروایا ۔ مختلف علاقوں میں نا معلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
نوشہرو فیروز میں پی پی کے کارکنوں نے ضلع آفس سے ریلی نکالی جو شہر کا گشت کرنے کے بعد پریس کلب پہنچی، ریلی میں شامل کارکنوں نے شہر میں دکانیں اور کاروباری مراکو بند کراودئیے، جس کے باعث شہر جزوی طور پر بند ہو گیا، کارکن وزیر اعظم کو سزا دینے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ کارکنوں کا کہنا تھا وزیراعظم کو سزا جمہوریت کو ختم کرنے کی سازش ہے۔