وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گندم کے پیداواری اہداف کے حصول کیلئے کاشتکاروں کوآئندہ ماہ تک کھاد کی ترجیحی بنیادپرفراہمی کویقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں اورکہا ہے کہ حکومتی اقدامات کافائدہ کاشتکاروں کوپہنچایا جائے۔ اس سے قبل اسلام آباد میں وزیراعظم کی سربراہی میں جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پراجلاس کو بتایا گیا کہ بحری جہازوں کے ذریعے دیگرممالک سے کھاد کی معرض التوا میں پڑی مقدار کی درآمد رواں ماہ کے آخرمیں مکمل کرلی جائے گی۔ وزیراعظم نے اجلاس کوہدایت جاری کی کہ دسمبر کے مہینے میں گندم کے کاشتکاروں کوترجیح بنیاد پرکھاد کی فراہمی کویقینی بنایاجائے تاکہ گندم کے پیداواری اہداف کے حصول کوممکن بنایا جا سکے۔ اس موقع پروزیراعظم کا کہنا تھا کہ گندم کے پیداواری اہداف کافائدہ یقینی طورپرکاشتکار کوپہنچنا چاہے نہ کہ ملزمالکان یا مڈل مین کو۔وزیراعظم نے کہا کہ طلب بڑھنے سے کاشتکاراستفادہ کریں۔ اس موقع پرفیصلہ کیاگیا کہ کھاد کے تھیلوں پرمقررہ نرخ لکھا جانا لازمی قراردیا جائے تاکہ اس سے ناجائزمنافع خورناجائزہ فائدہ نہ اٹھاسکیں۔ اجلاس میں کھاد پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی فراہمی کویقینی بنانے کا اعادہ کیا گیا۔