لاہور : (جیو ڈیسک) وزیراعلی پنجاب کے چیف سیکیورٹی آفیسر میجر(ر)معاز حسین کے گھر میں دستی بم پھٹنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ لاہور کے علاقہ کریم بلاک کے رہائشی وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے چیف سیکیورٹی افسر میجر(ر) معاز حسین کے گھر کھڑی سرکاری گاڑی میں نامعلوم افراد نے ایک بیگ رکھا جس میں دستی بم تھا گھریلو ملازمہ نے بیگ دیکھ کر معاز حسین کوبتایا جنہوں نے بیگ دیکھ کھولا تو اس میں بم تھا۔ میجر معاز نے بم کو ناکارا کرنے کی کوشش کررہے تھے بم زمین پر گر کر پھٹ گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں فوری طور شیخ زید اسپتال پہنچایا دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر قانون رانا ثنااللہ ،آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمان اور سی سی پی او لاہور اور اعلی افسران ہسپتال پہنچ گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میجر معاذ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ چیف سیکیورٹی پر حملہ وزیر اعلی پنجاب کے لیے ایک بڑا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ وزیر اعلی پنجاب کو ایک نظر نہیں دیکھنا چاہتے وہ لوگ اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی سیکیورٹی پہلے ہی سخت ہے اس کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں،بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوع سے بم کے ٹکڑے حاصل کرلیے ہیں اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ گلشن اقبال پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔