وفاقی وزیر پانی و بجلی کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے وعدے دھرے رہ گئے
Posted on February 11, 2012 By Geo Urdu گجرات
لالہ موسیٰ (جی پی آئی) وفاقی وزیر پانی و بجلی نوید قمر کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ، محکمہ واپڈا نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ برقرار رکھا ، طویل لوڈ شیڈنگ نے ایک مرتبہ پھر سے کاروبار زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ، جبکہ وفاقی وزیر نے قومی اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر قوم کو اس بات کی نوید سنائی تھی کہ بجلی کا شارٹ فال ختم ہو گیا ہے ، لہٰذا اب بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی ، مگر اس کے برعکس لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، اور کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ، عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر نوید قمر کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوچ سمجھ کر بیان دیا کرین ، انہوں نے کہا کہ پہلے جھوٹ بولنے کی ڈیوٹی راجہ پرویز اشرف کی تھی اور اب یہ ڈیوٹی نوید قمر کو سونپ دی گئی ہے ، اگر بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کر سکتے تو کم از کم قوم کو جھوٹ بول کر تسلیاں تو نہ دیں ، عوامی حلقوں نے لوڈ شیڈنگ فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نہ گیس ہے اور نہ بجلی مہنگائی نے عوام کو بھوکوں مرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔