لاہور : (جیو ڈیسک) ملک سے وی آئی پی کلچر کے خاتمے اور مساوات پر مبنی نظام قائم کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست جماعت الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلاحی ریاست کے نظریے کے تحت ایوان صدر ،وزیر اعظم ہاوس، گورنر ہاوسز اور وزرائے اعلی ہاوسز کا خاتمہ کر کے وی آئی پی کلچر کو ختم کیا جائے۔ جبکہ ایچی سن طرز کے تمام تعلیمی اداروں کا خاتمہ کر کے یکساں بنیادوں پر تعلیمی ادارے بنائے جائیں۔
درخواست میں مزید کیا گیا ہے کہ عوام کو یکساں بنیادوں پر گیس،پیٹرول،ٹیلیفون اور دیگر ضروریات زندگی کی مفت فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ درخواست میں عدالت سے مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سماجی انصاف اور سیاسی مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے عملی اقدامات کرنے کے بھی احکامات صادر کرے ۔