سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیلا جے وردنے کا کہنا ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف سہ فریقی ون ڈے سیریز میں بھرپور فائٹ کریں گے۔ جے وردنے کو تلکارتنے دلشان کے مستعفی ہونے پر دوبارہ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ کولمبو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے وردنے نے کہا کہ بلاشبہ ہماری ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں جدوجہد کررہی ہے لیکن ون ڈے کرکٹ الگ طرز کا کھیل ہے جس میں سری لنکا کی کارکردگی ہمیشہ عمدہ رہی ہے۔ بھارت اور آسٹریلیا دنیا کی دوبہترین ٹیمیں ہیں لیکن ہم نے انکو ہمیشہ بھرپور فائٹ دی ہے۔ بھارت سے ہم نے ورلڈکپ فائنل کھیلا تھا اور آسٹریلیا سے ہوم سیریز میں بھی زبردست مقابلہ ہواتھا۔ کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے وہ پرستاروں کو مایوس نہیں کریں گے۔