ٹریفک پولیس کی نااہلی کی وجہ سے شہر بھر میں بے ہنگم ٹریفک کے ساتھ ساتھ اوور لوڈنگ معمول بن گیا ہے
Posted on December 4, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی) ٹریفک پولیس کی نااہلی کی وجہ سے شہر بھر میں بے ہنگم ٹریفک کے ساتھ ساتھ اوور لوڈنگ معمول بن گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق گجرات شہر کی اہم شاہرائوں ریلوے روڈ ، فوارہ چوک ، ڈھکی چوک ، جیل چوک ، کچہری چوک ، حسن چوک ، چوک پاکستان ، مچھلی چوک ، شاہدولہ چوک ، تمبل چوک ، نواب چوک میں بے ہنگم ٹریفک معمول بن چکی ہے اور کئی کئی گھنٹے لمبی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں ، ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ملازمین کی تعداد تو بڑھا دی گئی ہے مگر ٹریفک پولیس جہاں پر ٹریفک کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے وہاں پر گجرات شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اکثر اوقات بسوں ، ویگنوں کی چھتوں پر اوورلوڈنگ معمول بن چکی ہے۔
ان ٹرانسپورٹروں کو کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ، ٹریفک پولیس غیر نمونہ جات نمبر پلیٹس اور دھواں چھوڑتی ہوئی گاڑیوں کے خلاف بھی کسی بھی قسم کے ایکشن لینے سے قاصر نظر آتی ہے ، ٹریفک پولیس کے ملازمین کے نزدیک صرف چالان ہی اہمیت کے حامل ہیں ، جبکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سے ان کا کوئی سروکار نہیں ، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ڈی ایس پی ٹریفک سمیت ٹریفک انسپکٹرز اور دیگر ذمہ دار افسران کی نااہلیت کی وجہ سے ٹریفک کے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں ، اور کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے ، جس سے شہر بھر میں آلودہ ماحول کا خاتمہ ہواور بے ہنگم ٹریفک کنٹرول کی جا سکے ، یا پھر ویگنوں اور بسوں سے اوورلوڈنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔