پاکستان (جیوڈیسک)پاکستان آئندہ ماہ آئی ایم ایف کو 53 کروڑ 43 لاکھ ڈالرقرضہ کی قسط ادا کرے گا اور اس طرح 7 ارب 80 کروڑ ڈالر کے اسٹینڈ بائی پروگرام کے کل ایک ارب 95 کروڑ ڈالر واپس چلے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 نومبر کو اسٹینڈ بائی پروگرام کی چھٹی قسط واپس کی جائے گی اور یہ رقم 14 کروڑ 45 لاکھ ڈالر ہو گی۔ پروگرام کی ساتویں قسط 23 نومبر کو ادا کی جائے گی اور 38 کروڑ 97 لاکھ ڈالر واپس کئے جائیں گے۔ آئی ایم ایف سے پاکستان کو 7 ارب 80 کروڑ ڈالر کا قرض ملا تھا اور اب تک آئی ایم ایف ایک ارب 42 کروڑ ڈالر 5 قسطوں میں لوٹا دیئے گئے ہیں۔ ان میں سے آئی ایم ایف کو 10 کروڑ 94 لاکھ ڈالر واپس کر دیئے۔ اس طرح اسٹینڈ بائی پروگرام میں سے ایک ارب 42 کروڑ ڈالر آئی ایم ایف کو واپس کر دیئے گئے ہیں۔
پاکستان نے 24 فروری 2012 کو آئی ایم ایف کو 41 کروڑ کی پہلی قسط واپس کی تھی۔ 24 مئی 2012 کو 40 کروڑ کی دوسری قسط، 29 جون 2012کو 11 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط اور 24 اگست 2012 کو 39 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کی چوتھی قسط واپس کی تھی۔ یکم اکتوبر کو پانچویں قسط میں 10 کروڑ 94 لاکھ ڈالر واپس کیے تھے۔