امریکا : (جیو ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرنا حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان اور بھارت کشمیر اور سیاچن سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کریں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں بہتر تعلقات خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہیں۔ من موہن سنگھ کے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرنا مثبت اقدام ہے۔
امریکا کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک مذاکرات سے اپنے معاملات حل کریں۔پاکستان اور بھارت میں مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہئے اس سے خطے کے کروڑوں افراد کا مستقبل وابستہ ہے۔ وکٹوریہ نولینڈ نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی ملاقاتیں جاری رہیں گی۔