سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جانے والا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ ملائیشیا کے شہر جوہر باہرو میں کھیلے گئے میچ کے دونوں ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ میں پاکستان کو ایک پینلٹی کارنر ملا لیکن اس پر گول نہ ہو سکا۔ بھارت کو دو پینلٹی کارنرز ملے جو پاکستانی ٹیم کے اعتراض کے بعد واپس لے لئے گئے۔
دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے لیکن کسی کو کامیابی نہ مل سکی۔ میچ کے اختتام پر پاکستان کے کپتان گول کیپر مظہر عباس کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان اپنا چوتھا میچ جمعرات کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔