وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت جڑ پکڑ رہی ہے اور ہر ادارہ آئین کی حدودمیں رہتے ہوئے اپنا کام کررہا ہے۔ پاکستان میں پی پی کی موجودہ حکومت طویل ترین جمہوری حکومت ہے۔ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا کو وہ آزادی حاصل ہے جو بہت سے جمہوری ملکوں میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات مستقبل میں جمہوریت کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔ پاکستان میں جمہوریت کو پنپنے کا زیادہ وقت نہیں ملا ۔ دنیا بھر میں جمہوریت سے لوگوں کی امیدیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل جمہوریت کے عدم تسلسل کی وجہ سے ہیں۔ معاشی مسائل کی وجہ سے لوگ جمہوریت پر سوال اٹھاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آمریت کو بیرونی دنیا کی مدد حاصل تھی۔