پالی کیلے : (جیو ڈیسک) پاکستان نے سری لنکا کو بارش سے متاثرہ پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دیکر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
پالی کیلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے سات کھلاڑیوں کو پویلیئن لوٹا دیا۔ بار بار بارش سے متاثر ہونے کے سبب امپائرز نے میچ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت بیالیس اوور تک محدود کردیا تھا۔ سری لنکا نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پینتیس رنز بنائے۔ تھرمانے نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے بیالیس رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد سمیع اور عمر گل نے تین، تین جبکہ محمد حفیظ نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
جواب میں پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہ رہا۔ اظہر علی تین اور تجربہ کار یونس خان پانچ رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد محمد حفیظ اور کپتان مصباح الحق نے اسکور کو آگے بڑھایا۔ محمد حفیظ سنتیس رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ مصباح الحق تیس اور عمر اکمل چھتیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو پالی کیلے میں ہی کھیلا جائیگا۔