پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم تکمیل پاکستان کی جدوجہد سے تحفظ پاکستان تک اس لئے آ گئے ہیں کہ نظریہ پاکستان کی روح کمزور ترین ہو گئی ہے۔دہشت گردی ،انتہا پسندی اور نام نہاد جمہوریت کے لبادے میں نااہل سیاستدانوں کی وجہ سے پچھلی کئی دہائیوں سے نظریہ پاکستان پر حملے ہورہے ہیں۔
آج پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو خطرات لاحق ہیں،آجہر پاکستانی کو کرپٹ نظام انتخاب کے خاتمے کی جہد مسلسل کا حصہ بننے کا عہد کرنا ہو گا تا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کا سویرا طلوع ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ ہر فرد کو نظام کی تبدیلی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ ہماری نسلوں کا مستقبل حقیقی آزادی سے محرو م ہو جائے گا۔ملک پاکستان کا استحکام اور عوام کی خوشحالی نظام کے خلاف عملی جدوجہد اور اس کی کامیابی سے مشروط ہے۔
پاکستان عوامی تحریک نے استحصالی اور کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف پر امن جدوجہد شروع کی ہے جو منزل مقصود کے حصول تک جاری رہے گی۔موجودہ نظام انتخاب بوسیدہ مکان کی مانند ہے اس لئے اس موجودہ نظام انتخاب کے تحت ہونے والے الیکشن کو پاکستان عوامی تحریک مسترد کرتی ہے۔ تصادم اور انارکی کے بغیر پولنگ ڈے والے دن پولنگ سٹیشنوں سے دُورپر امن دھرنے دئیے جائیں گے۔