کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے تحت آج ملک بھر میں سانحہ انچولی کے خلاف پر امن یوم سوگ منایا گیا۔ سانحہ کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے لال قلعہ گراؤنڈ کراچی میں فاتحہ خوانی کا مرکزی اجتماع منقعد کیا گیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ آگ کو بھڑکانے کی سازش کی جا رہی ہے، انچولی دھماکہ بھی اسی سازش کی کڑی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہنگو ڈرون حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر کے عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ ہنگو میں ہلاک ہونے والے افغانی ہیں، افغانیوں کے لئے تحریک انصاف کی جانب سے دھرنا دیا جا رہا ہے لیکن انچولی سمیت دیگر سانحات کے شہدا کے لیے دھرنا نہیں دیا جاتا۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کا ڈھنڈورا پیٹنے والی جماعتیں اپنی سیاست کو چمکانے کے لیے لوگوں کے جذبات سے کھیل رہی ہیں، اگر ڈرون حملہ کرنے والوں سے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت واقف نہیں تو پھر انکا احتجاج کس کے خلاف ہے۔