وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈینگی وائرس کے خلاف سپرے کرنے والے ملازمین کی روزانہ اجرت 325 روپے سے بڑھا کر 500روپے کرنے اورڈینگی اسپرے مکمل نہ ہونے تک تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کاحکم دیا ہے۔ لاہور میں ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے جاری مہم کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈینگی وائرس کو اجتماعی کاوشوں اور مربوط حکمت عملی سے شکست دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام تعلیمی ادارے ڈینگی وائرس کے خاتمے کے اسپرے اور حفاظتی اقدامات کرنے کے پابند ہیں ڈینگی وائرس سپرے اور حفاظتی انتظامات مکمل نہ کرنے تک تما م سکول بند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مچھر مار ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ اس موقع پر سیکریٹری اسکولز کا کہنا تھا کہ سو فیصد سرکاری جبکہ ستر فیصدنجی سکولوں میں ڈینگی سپرے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے سپرے اور حفاظتی اقدامات مکمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو شو کاز نوٹس بھی جاری کر دئے گئے ہیں۔