پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں: چودھری پرویزالٰہی
Posted on April 19, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات : پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سینئر وفاقی وزیر چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں آل پاکستان پاٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار نام نہاد ”خادم اعلیٰ” ہیں، انرجی کانفرنس میں شہباز شریف نے شجاعت فارمولے کی مخالفت کر کے ثابت کر دیا کہ وہ پنجاب کی عوام سے مخلص نہیں، اگر شجاعت فارمولے پر عمل کر لیا جائے تو ملک میں لوڈشیڈنگ فوراً ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی بنتا ہے تو لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے رقم بھی دے، پنجاب کے حکمران اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہے بلکہ عوام کو وفاق کے خلاف اکسا رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں لیکن اس کے حل کیلئے پیش کیے گئے فارمولے پر عمل نہیں کر رہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر فلاپ ہو چکی ہے، ہمارے دور میں ڈاکٹر امریکہ اور سعودی عرب سے واپس پاکستان آ رہے تھے، ان کے دور میں ڈاکٹر سڑکوں پر رُل گئے ہیں اور مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ہم نے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں دوائیاں مفت دیں انہوں نے مریضوں سے وہ بھی چھین لیں، میں چیلنج کرتا ہوں کہ شہباز شریف اپنے چار سالہ دور کا میرے پچھلے دور سے مقابلہ کر لیں تو انہیں فرق صاف نظر آئے گا، موجودہ پنجاب حکومت نے ہمارے فلاحی منصوبے آگے بڑھانے کی بجائے ختم کر دئیے، وہ ہم پر تنقید سے پہلے ہم جیسے فلاحی کام کر کے تو دکھائیں، اب لوگ ہمارے بنائے ہوئے منصوبوں کو یاد کر رہے ہیں، ہم نے 1122 سروس فراہم کی، وزیرآباد میں 3 ارب روپے کی لاگت سے کارڈیالوجی ہسپتال بنایا، ہم ہر سال 12 ہزار نوکریاں پیدا کر رہے تھے، آج پنجاب میں لوگ بیروزگاری کی وجہ سے خود کشیاں کر رہے ہیں اور خادم اعلیٰ سرکاری خزانے سے لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح 33 فیصد بڑھ گئی ہے جو ان کی ناکام حکومت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بعد ازاں پاکستان پاٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ ظہیر بٹ نے چودھری پرویزالٰہی اور میاں عمران مسعود کو یادگاری شیلڈیں پیش کیں۔ اس موقع پر پاکستان پاٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ ظہیر بٹ، نو منتخب صدر اعظم رحمانی، سینئر نائب صدر حاجی زاہد، جنرل سیکرٹری شکیل احمد بٹ، چودھری قمر زمان گل، میاں عمران مسعود اور چودھری اعجاز وڑائچ نے بھی خطاب کیا۔