لاہور : (جیو ڈیسک ) پنجاب میں ڈاکوں کی شامت آ گئی، لاہور، صادق آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 10 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ صاد ق آباد میں پولیس مقابلہ کے دوران پانچ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ ڈاکو ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ صادق آباد کے نواحی علاقہ احمد پور لمہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کھیتوں میں چھپے پانچ ڈاکوں کو فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو گزشتہ تھانہ تبسم شہید لیاقت پور سے فرار ہوگئے تھے۔ وا قعہ کے بعدڈی پی او رحیم یار خان کے حکم پر تھانے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ بھاری اسلحہ اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ لاہور کے علاقہ اسلام پورہ میں سی آئی اے پولیس نے گرفتار ملزم کی مخبری پر ڈاکوں کے خلاف آپریشن کیا جس کے دوران مبینہ چار ڈاکوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں دو ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دو ڈاکو زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہاتھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گے۔ پولیس نے ڈاکوں کی شناخت عتیق، الطاف، صادق اور زاہد کے نام کی ہے۔ مقابلہ کے بعد پولیس نے ڈاکوں کے قبضہ سے بیس لاکھ روپے نقدی، چار کلاشنکوف اور تین پستول برآمد کر لئے۔ لاشوں کو پورسٹ مارٹم کے میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔