لاہور میں ڈینگی بخار سے تین خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد دو سو بہتر ہو گئی ہے۔ سروسز اسپتال لاہور میں 40سالہ خاتون کی ڈینگی بخار سے ہلاکت پر لواحقین نے ڈاکٹروں کے خلاف احتجاج کیا۔ سروسز اسپتال لاہور میں تاج پورہ کی رہائشی 40سالہ خاتون خالدہ ظہیر کو ڈینگی وائرس کی شکایت تھی جس کو علاج کیلئے سروسز اسپتال لایا گیا۔ جہاں وہ جاں بحق ہوگئی۔ لوحقین نے ڈاکٹروں پر الزام عائد کیا کہ وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے خاتون کی موت واقع ہوئی ہے۔ خاتون کے لواحقین نے سروسز اسپتال میں اسپتال کے عملے کے خلاف احتجاج اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔