پنجاب (جیو ڈیسک) لاہور، شیخو پورہ، فیصل آباد، سرگودھا میں جل تھل، بہاولپور میں گرمی کے ستائے چہرے کھل اٹھے ، فیصل آباد اور ساہیوال میں مختلف حادثات، چھ افراد جان کی بازی ہار گئے اور تینتالیس زخمی ہوگئے۔ ساہیوال کے علاقے ڈوگراں میں شدید بارش کے باعث ریاض نامی شخص کے گھر کی چھت گرنے سے اس کی اہلیہ کوثر اوردوبچیاں آٹھ سالہ زینب اورچار سالہ حمیراملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔ ایک بچییسین اوربچی سمیرا کوشدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیواسپتال منتقل کیا گیا ۔کئی علاقوں میں بارش کاپانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
فیصل آباد میں موسلادھار بارش سے سڑکیں اور گلیاں پانی میں ڈوب گئیں۔ نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔جھنگ روڈ شہباز پور اور دھروڑاں میں آندھی اور طوفانی بگولے نے کئی گھروں کی چھتیں اڑا دیں۔بجلی کے کھمبے اور درخت بھی اکھڑگئے۔دھروڑاں میں بارش کے دوران چھتیں گر نے سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوئے۔
ستارہ کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ شہباز پور میں چھتیں اور دیواریں گرنیسے بیس افراد زخمی ہوئے۔ امین پور بنگلہ میں مختلف حادثات میں چھ افراد زخمی ہوئے۔ بارش سے تعلیمی بورڈ کی نئی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔