پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے کہا ہے کہ وہ پی ایچ ایف پرکوئی داغ لگنے نہیں دیں گے۔ پی ایچ ایف کے سابق اولمپیئنز کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس کا جواب دینے کی آج آخری تاریخ ہے ۔ ہاکی کلب آف پاکستان کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قاسم ضیا کا کہنا تھا کہ اگر اولمپیئنز کی جانب سے لگائے گئے الزامات میں کوئی بھی ملوث ہے تو اسے سزا ضرور ملنی چاہئے اور اگر الزامات غلط ہیں تو اولمپیئنز فیڈریشن سے معافی مانگیں یا اپنا جواب داخل کرائیں ورنہ پی ایچ ایف ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ڈچ کوچ مشل وین ڈین معاہدے سے زیادہ قومی ٹیم کو وقت دے رہے ہیں۔ سابق اولمپیئنز نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کیخلاف وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ایچ ایف انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔