پیپلز پارٹی جمہوری روایات کی امین ہے ، اور اپنے ہر عمل سے جمہوری نظام کو مضبوط بنا رہی ہے۔تنویر اشرف

لالہ موسیٰ (جی پی آئی) سابق صوبائی وزیرخزانہ چوہدری تنویر اشرف کائرہ نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری روایات کی امین ہے ، اور اپنے ہر عمل سے جمہوری نظام کو مضبوط بنا رہی ہے ، انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی مدت پوری کرنے کے بعد اپوزیشن اور اپنی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد عبوری سیٹ قائم کر دے گی اور ملک میں عام انتخابات اپنی مقررہ حدود اور شیڈول کے مطابق ہونگے ، انہوں نے کہا کہ میمو سکینڈل اور دیگر کہانیاں اب دم توڑ چکی ہیں ، انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والے اب تھک چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت ملک کی واحد جمہوری حکومت ہے جو اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے ، انہوںنے کہا کہ ہم نے مفاہمت کی سیاست کو پروان چڑھا کر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالا ، دہشت گردی کی آگ میں جلتے ہوئے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی ، انہوں نے کہا کہ 90فیصد تک دہشت گردی کی کاروائیوں پر قابو پا لیا گیا ہے ، 10فیصد دہشت گردوں کو بھی جلد زیر کر لیا جائیگا۔