دلّی کی پولیس نے گذشتہ اتوار کو ایک چلتی ہوئی بس میں ایک تئیس سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے خلاف وسطی دِلّی کے کچھ اہم علاقوں میں مظاہرے پر پابندی لگادی ہے۔
India rape protest AFP
اتوار کو صبح ہی سے مظاہرین انڈیا گیٹ پر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔ انڈیا گیٹ پر موجود ایک صحافی کا کہنا ہے کہ بھیڑ تشدد پر آمادہ تھی اور توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
پولیس نے مظاہرین کو ہٹانے کے لیے آنسو گیس اور پانی کی بندوق کا استعمال کیا اور انہیں بسوں میں بھر بھر کر وہاں سے جبراً لے جا رہی تھی۔ سنیچر کو مظاہرین نے پولیس کے ساتھ تصادم کیا اور بھیڑ ایوان صدر کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
مظاہرین، جن میں طلبہ، مختلف جماعتوں کے کارکان، عوام اور گھروں میں رہنے والی خواتین شامل تھیں، ریپ کرنے والوں کے لیے پھانسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
پولیس نے انڈیا گیٹ اور راجپتھ کے علاقے رائے سنہا ہِلز میں مظاہرے کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور وہاں دفعہ ایک سو چوالیس لگا دی ہے تاہم مظاہرین ابھی تک وہیں جمع ہیں۔
واضح رہے کہ شروع میں یہ مظاہرین کسی جماعت کی ایماء پر ان میں شامل نہیں ہوئے تھے لیکن بعد میں ان میں کیجری وال کی پارٹی اور یوگا گرو بابا رام دیو اپنے حامیوں کے ساتھ شامل ہو گئے۔ رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ اس میں بی جے پی کے نوجوان ونگ کے کارکن بھی شامل ہیں۔
یہ مظاہرین بطور خاص انڈیا گیٹ کے علاقے میں ہیں۔ سنیچر کو انھوں نے راج پتھ اور رائے سنا ہلز میں اپنے غصے کا اظہار کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے مظاہرے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مظاہرین میں شر پسند عناصر شامل ہو گئے ہیں۔
دریں اثناء مظاہرین کی ایک جماعت نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور جنرل سکریٹری راہل گاندھی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے بعد اس جماعت نے کہا کہ سونیا گاندھی نے انہیں اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے اور کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بہر حال جن طلبہ نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی انھوں نے اپنا نام بتانے سے انکار کیا ہے۔
وزیر داخلہ سوشیل کمار شنڈے نے تو یہاں تک کہا کہ ان کی بھی تین بیٹیاں ہیں اور وہ اس معاملے کی نوعیت کو سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
بھارتی پارلیمان میں حزب اختلاف کی رہنما سشما سوراج نے اپنے ٹوئٹ میں لوگوں سے ضبط و تحمل کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اشتعال سے معاملہ حل نہیں ہوگا۔
ریپ کا شکار لڑکی ابھی بھی ہسپتال میں ہے اور اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔