پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک چار وکٹ پر چارسو پندرہ رنز بنا لیے اورمیزبان ٹیم کے خلاف دو سو اسی رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز بغیر کسی نقصان کے ایک سو بتیس رنز سے کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ ایک سو چونسٹھ رنز پر گری جب توفیق عمر اکسٹھ رنز بناکر آٹ ہوئے۔ اظہر علی چھبیس اور مصباح الحق بیس رنز بناسکے۔ اوپنر محمد حفیظ امپائر کے غلط فیصلہ کا شکار بنے،کیرئیر کی چوتھی سنچری اسکور کرتے ہوئے وہ ایک سو تینتالیس رنز پر آٹ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر یونس خان چھیانوے اور اسد شفیق چالیس رنز بناکر ناٹ آوٹ ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے الیاس سنی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔