سپریم کورٹ (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی گرفتاری نہ ہونے پر پنجاب اور اسلام آباد کے آئی جی صاحبان کو طلب کر لیا۔سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین اوگرا ایک جگہ موجود تھے، ہم نے چھاپہ مارا تو انفارمیشن لیک ہونے کی وجہ سے وہ فرار ہوگئے۔عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب پولیس کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ہدایت کی کہ دونوں آئی جی صاحبان توقیر صادق کی گرفتاری کیلئے مقرر کئے جانے والے تفتیشی افسروں کو بھی ہمراہ لائیں۔ کیس کی سماعت کے دوران ایس ای سی پی کی ایک افسر شازیہ بیگ عدالت میں پیش ہوگئیں۔انہوں نے بیان دیا کہ وہ گزشتہ سال سوئی نادرن اور سدرن کی انکوائری کر رہی تھی اچانک سرویلنس ڈیپارٹمنٹ ختم کرکے مجھے اسلام آباد واپس بھیج دیا گیا۔
اب مجھے حراساں کیا جارہا ہے اور فون ٹیپ کئے جارہے ہیں،،چیف جسٹس نے کہا کہ چئیرمین ایس ای سی پی کی تقرری سے متعلق کیس اور ہے، آپ وہاں جا کر درخواست دائر کریں، عدالت نے چئیر مین اوگرا کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت انیس نومبر تک ملتوی کر دی ۔