اسلام آباد : (جیو ڈیسک) ارسلان افتخار ازخود نوٹس میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بینچ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔کیس کی سماعت کی ابتدا سے اٹارنی جنرل کی جانب سے یہ اعتراض اٹھایا جارہا تھا کہ انہیں باپ ہونے کی وجہ سے بیٹے کے کیس میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔ آج بھی جب سماعت شروع ہو ئی تو اٹارنی جنرل نے پھر اپنا اعتراض دہرایا کہ پہلے چیف جسٹس کے اس بینچ میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا جائے۔
آج کی سماعت میں جیو نیوز کے اینکر پرسن کامران خان کے بیان کے بعد چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بینچ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب نیا بینچ بنایا جائے گا. انہوں نے ریمارکس دیئے کہ مجھے اپنے ججز پر اعتماد ہے،یہ عدلیہ کے 16ستون ہیں، ڈاکٹر ارسلان سے متعلق انہوں نے کہا کہ اسکو بیٹا نہیں کہونگا، یہ ارسلان ہمارے سامنے کھڑا ہے۔.اس سے قبل جیو نیوز کے چیف ایگزیکٹو اور پروگرام آج کامران خان کے اینکر پرسن کامران بھی سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش ہو گئے۔
کامران خان نے کہا کہ عدالت عظمی نے آج توازن قائم رکھا ہے، سپریم کورٹ کو سلیوٹ کرتا ہوں، عدالتی وقار سے زیادہ کوئی چیزنہیں ہے. کامران خان نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن خاتمے کیلئے سپریم کورٹ کے کردار کو نمایاں کیا، عدالت کے وقار سے زیادہ کوئی چیز نہیں، سپریم کورٹ کو سلوٹ کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جیسے ادارے کو کمزور کیا گیا تو کچھ باقی نہیں رہے گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، ہم فیصلے کرتے رہیں گے، ابھی تو بات 30یا 40کروڑ کی ہے، کل یہ بات اربوں کی ہوگی۔