وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ شریف برادران پر برس پڑے، زبان سے پھر جانے کا الزام، کہتے ہیں قوم کو بتایا جائے مکہ میں فیکٹریاں لگانے کیلئے پیسہ کہاں سے آیا؟۔
چشتیاں: قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف بھٹو بننے کی کوشش نہ کریں۔ ایسا بننے کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنا پڑتے ہیں جو مسلم لیگ (ن) کے لیڈروں کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب کے وزیر اعلی نے عوام کے اربوں روپے کے فنڈز تندوروں میں جھونک دئیے اور اب ایک سڑک پر ستر ارب کا فنڈ خرچ کر کے پورے پنجاب کو احساس محرومی میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ اانہوں نے کہا کہ 2008 میں جب پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو آٹے کے ٹرکوں پر یلغار ہو رہی تھی مگر آج ہم لاکھوں ٹن گندم ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔ مہنگائی کا شور کیا جا رہا ہے مگر یہ عالم پوری دنیا میں ہے جب گھی ایک روپے کلو تھا تب بھی بہت زیادہ مہنگائی کی باتیں ہوا کرتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں برادران کہتے ہیں کہ ہم نے ڈکٹیٹر کے دور میں بیرون ملک جانے کے لئے کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا لیکن جب معاہدہ سامنے آیا تو کہنے لگے کہ معاہدہ دس سال کا نہیں پانچ سال کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈکٹیٹر نہیں سیاسی صدر چاہیے۔ صدر زرداری چاہتے تو صدر کی بجائے وزیر اعظم بن سکتے تھے مگر انہوں نے صدر بن کر اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو سپرد کر دیئے۔